عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// مرکزی حکومت کے 31ہزار 555ملازمین 20جولائی تک یونیفائڈ پنشن اسکیم (یو پی ایس)کا انتخاب کر چکے ہیں۔ لوک سبھا میں ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ حکومت نے یکم اپریل 2025سے مرکزی ملازمین کے لیے نیشنل پنشن سسٹم کے تحت یو پی ایس کو ایک آپشن کے طور پر متعارف کرایا ہے۔ یو پی ایس ملازمین کو یقینی ادائیگی کی سہولت فراہم کرے گا۔ایوان میں ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے کہا کہ 20 جولائی 2025تک 31ہزار 555ملازمین نے یو پی ایس کا انتخاب کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ ملازمین اور یونینوں کی نمائندگی کی بنیاد پر یو پی ایس کے انتخاب کی آخری تاریخ میں تین ماہ کی توسیع کر کے 30 ستمبر 2025 کر دیا گیا ہے۔سیتارامن نے کہا، “اہلیت کے معیار کے مطاب مرکزی حکومت کے 25,756 ریٹائرڈ ملازمین یو پی ایس کے تحت اضافی فوائد حاصل کرنے کے اہل ہیں‘‘۔وزیر نے کہا کہ یہ تعاون کرنے والے اہل لوگ مرکز کے وہ ملازمین ہیں جو 31 مارچ 2025 کو یا اس سے پہلے ریٹائر ہو چکے ہیں یا فوت ہو گئے ہیں، یا وہ بنیادی اصول 56(J)کے تحت ریٹائر ہوئے ہیں، جنہوں نے 10سال یا اس سے زیادہ کی اہلیت کی خدمت مکمل کی ہے اور این پی ایس کے تحت آتے ہیں۔