اننت ناگ//حج و اوقاف اور صحت عامہ کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی نے سنیچر کو ویری ناگ میں چیونٹی پورہ باغوان پورہ واٹر سپلائی سکیم کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ نبارڈ کے معاونت والے اس پروجیکٹ کو 5.85 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا ۔ وزیر نے کہا کہ اس سکیم سے ویری ناگ چشمے سے پانی لفٹ کر کے ڈورو شاہ آباد علاقے کو فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم سے 9963 نفوس کو استفادہ ہو گا ۔ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے ریاست کے لوگوں کی خوشحالی کو یقینی بنانے کے سرکار کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کئی پروجیکٹ دردست لئے گئے ہیں جو تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ وزیر موصوف نے بعد میں کاپرن ہلسی دار کا دورہ کر کے وہاں سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال کا جائیزہ لیا ۔