لیفٹیننٹ گورنر کی پونچھ اور نوشہرہ میں فوجیوں سے بات چیت
عشرت حسین بٹ+رمیش کیسر
پونچھ+نوشہرہ//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو اپنے پونچھ دورہ کے دوران پونچھ بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرکے وہاں تعینات فوج کے جوانوں اور بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں سے ملاقات کر انہیں آپریشن سندور کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور انہیں مٹھائی بھی بانٹی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ ’’آج پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارتی جوانوں نے پاکستان میں 9دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کیا جس میں سو سے زیاد دہشت گرد مارے گئے‘‘۔انہوں نے کہاکہ’’ تین دنوں میں ہی دشمن گھٹنے ٹیک کر عالمی برادری تک پہنچنے لگا۔ انہوں نے فوجی اہلکاروں سے کہا کہ ’پورے ملک کو آپ کی بہادری پر ناز ہے‘۔منوج سنہا نے کہا’’ ہم دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہیں اور جلد ہی دنیا کی چوتھی بڑی معیشت بن جائیں گے جبکہ ہمارا پڑوسی قرض لے کر دہشت گردی کو پروان چڑھانے کی کوشش کر رہا ہے‘۔ انہوں نے اپنے دورہ پونچھ کے دوران گردورہ ننگالی صاحب پر حاضری دی اور وہاں دعائوں میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ حکومت تمام متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے گولہ باری سے متاثرہ افراد کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ضروری مدد فراہم کرنے پر انتظامیہ کی توجہ پر بھی زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نوشہرہ سیکٹرز میں تعینات بہادر فوجیوں سے بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ’آپریشن سندور‘ میں فوج کے جوانوں کی بے مثال ہمت اور بہادری کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ناقابل تسخیر طاقت نے ہندوستان کی فیصلہ کن فتح کو یقینی بنایا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ’’دھرم جیت گیا ہے اور ادھرم نے آپ کے ہتھیاروں اور بہادری کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے ہیں، مجھے فخر ہے کہ صرف چند دنوں میں ہمارے بہادر سپاہیوں نے دشمن کی کمر توڑ دی اور آج 140 کروڑ شہری آپ کی بہادری، ہمت اور قربانی کو یاد کر رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دینے اور پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے پر پوری قوم کو ہماری مسلح افواج کی بہادری اور بہادری پر فخر ہے۔آپریشن سندور بھارت کی عسکری اور سٹریٹجک طاقت کی زندہ مثال ہے، اس نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کا ایک ایک انچ آج ہمارے بہادر سپاہیوں کے نشانے پر ہے اور دشمن جانتا ہے کہ اگر اس نے آئندہ ہمت کی تو وہ فرار نہیں ہو سکے گا۔آپریشن سندور نے ایک نئی لکشمن ریکھا تیار کی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ صرف 23منٹ میں بھارت نے پاکستانی دہشت گردوں کے آقاؤں کو گھٹنوں کے بل لا کھڑا کیا ہے اور اگر اگلی بار وہ بھارت کی طرف آنکھ اٹھائیں گے تو ان کا ایک بھی علاقہ سزا سے محفوظ نہیں رہے گا۔