سرینگر //سرنڈر جنگجوئوں کی باز آباد کاری کے معاملے پر مخلوط سرکار کی دونوں اکائیوں کے مابین پیدا شدہ معاملہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی نوٹس میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کی ہدایات پر نئی پالیسی متعارف کرائی جارہی ہے۔ذرائع سے کشمیر عظمیٰ کو معلوم ہوا ہے کہ منگل کو کابینہ میٹنگ میں اس معاملے پر بھاجپا اور پی ڈی پی کے مابین اتفاق نہیں ہوسکا، حالانکہ اسے کابینہ میٹنگ میں ایجنڈا میں رکھا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ماہ قبل راجناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سرنڈر جنگجوئوں کیلئے نئی پالیسی بنائی جارہی ہے، جس کے بعد اس کے حوالے سے ریاستی وزارت داخلہ نے ایک مسودہ تیار کیا جسے منگل کی کابینہ میٹنگ میں پیش کیا گیا تاہم، بھاجپا نے اس پر اعتراضات اٹھائے۔اب معلوم ہوا ہے کہ معاملے کو لیکر راجناتھ سنگھ سے مشاورت کی جائیگی ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پالیسی میں معمولی ردو بدل کرنا خارج از امکان نہیں ہے تاکہ بھاجپا کے تحفظات کو دور کیا جاسکے۔معلوم ہوا ہے کہ اس معاملے کو اگلی کابینہ میٹنگ میں منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔