سرینگر//مرکزی سرکار کی طرف سے کشمیر پر پیشگی شرائط کے بغیر بات چیت کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر سرتاج مدنی نے کہا ہے کہ اس پیشکش پر ان تمام متعلقین کی طرف سے مثبت رد عمل ظاہر کیا جانا چاہئے جو موجودہ بحران کا حل چاہتے ہیں۔ بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری رام مادھو کی طرف سے گزشتہ روز دئیے گئے بیان کا ذکر کرتے ہوئے سرتاج مدنی نے کہا کہ موجودہ جارحیت اور تنازعات کی وجہ سے پیدا شدہ غیر یقینی حالات اور عدم استحکام کا ریاستی عوام کو خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے ،اب وقت آگیا ہے کہ تمام فریق نئی دہلی کی طرف سے کی گئی اس مفاہمتی پیشکش پر مثبت رویہ اپنائیں اور مذاکرات عمل کو بحال کرنے میں اپنا کردا ر ادا کریںتاکہ مسئلہ کے دائمی حل اور قیام امن کی راہ ہموار ہو سکے۔مدنی نے کہا کہ موجودہ پیشکش کو ریاست کو نامساعد حالات کی دلدل سے نکالنے کے لئے ایک مخلصانہ اور سنجیدہ آفر کے طور پر دیکھا جانا چاہئے اورپی ڈی پی کا نقطہ نظر ہی تمام مسائل کا حل بات چیت میں تلاش کرنے میں مضمر ہے۔ انہوں نے مرکز کی حالیہ پیشکش پر ایک مشترکہ رد عمل ظاہر کرنے کیلئے نجی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کر اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔سرتاج مدنی نے کہا ہے کہ پی ڈی پی کھلے ذہن سے مخالفین کے نظریات کا بھی احترام کرنے کی وکالت کرتی رہی ہے۔ منفی نظریات کے خول سے باہر نکلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پی ڈی پی نائب صدر نے کہا کہ تمام معلقین کو تمام مسائل کے بامعنی اور دائمی حل کیلئے نیک نیتی کے ساتھ آگے آنا چاہئے ۔