عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//17ویں سول سروسز ڈے کے موقع پر ویگیان بھون، نئی دہلی میں منعقدہ ایک اہم تقریب کے دوران، ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے ’’ایسپائریشنل بلاک پروگرام‘‘ کے تحت ضلع راجوری میں ہونے والی ترقی کی تفصیلات پیش کیں۔یہ پیشکش مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے شماریات و پروگرام پر عمل درآمد راؤ اندر جیت سنگھ، وزارت منصوبہ بندی، اور کارپوریٹ امور کے وزیر مملکت، وی سرینیواس (سیکریٹری، محکمہ اصلاحات برائے انتظامی امور و عوامی شکایات) سمیت ملک بھر سے آئے سینئر افسران کی موجودگی میں کی گئی۔ڈی سی راجوری نے تقریب کے دوران خواص بلاک میں صحت و تغذیہ، تعلیم، زراعت و آبی وسائل، بنیادی ڈھانچے اور ہنر مندی جیسے اہم شعبوں میں نمایاں بہتری پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پروگرام کے تحت کامیاب کہانیوں، اختراعات اور مختلف محکموں میں ہم آہنگی کے ذریعے عوامی خدمات میں بہتری اور معیارِ زندگی بلند کرنے کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ڈی سی ابھیشیک شرما کی قیادت میں ضلع انتظامیہ راجوری کی کاوشوں کو سراہا گیا، جنہوں نے اعداد و شمار پر مبنی حکمرانی، عوامی شراکت اور بین المحکماتی اشتراک سے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی خلیج کو کم کرنے کے لئے نمایاں کردار ادا کیا۔سول سروسز ڈے نے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں سرکاری افسران نے اپنی بہترین حکمت عملیوں اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے کی کوششوں کو بانٹا اور ستائش حاصل کی۔