ایجنسیز
نئی دہلی//جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے نئی دہلی میں بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزرا امت شاہ اور جتیندر سنگھ اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔بی جے پی 3 مرحلوں کے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں نئے چہروں پر زیادہ توجہ دے گی۔ 90 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی کے تین مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں چند پرانے لیڈروں کو دہرائے گی۔ پارٹی نے امیدواروں کے نام چند روز قبل تقریبا ًحتمی کردیئے تھے اورحتمی مہر کے لیے ہائی کمان کو پیش کر دیئے گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی 70امیدواروں پر مشتمل اپنا پہلا لسٹ پیر کی صبح جاری کریگی۔دیگر 20امیدواروں کی حتمی لسٹ بھاجپا کی دوسری مجلس عاملہ میٹنگ کے بعد جاری کی جائیگی۔ذرائع نے کہا کہ جموں و کشمیر میںچند لوگوں کو چھوڑ کر ہائی کمان 90 حلقوں میں نئے چہروں کو میدان میں اتارے گی تاکہ ان کے ‘اب کی بار، 50 پار’ کے نعرے کو پورا کیا جا سکے۔جموں و کشمیر کے بی جے پی کے سربراہ رویندر رینا نے حال ہی میں کہا تھا کہ پارٹی جموں و کشمیر میں 70 سے 80 نشستوں پر اپنے طور پر اسمبلی انتخابات لڑے گی لیکن وادی کشمیر میں کچھ آزاد امیدواروں کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور وہ جو جیتنے کے قابل ہوں گے، بی جے پی کی حمایت کی جائے گی۔ذرائع نے کہا کہ بی جے پی اس وقت الیکشن لڑنے کے خواہشمند کئی سیاسی لیڈروں کے لیے پہلی پسند ہے اور بہت سے لوگ اس پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں جن میں علاقائی پارٹیاں بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے آنے والوں کے نام زیر غور ہیں لیکن پرانے وفاداروں کو نظر انداز کرنا، جنہوں نے جموں و کشمیر میں پارٹی کے عروج میں بے لوث تعاون کیا، اس موقع پرنظر انداز نہیں ہونگے۔