سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ طویل میٹنگ کے چار روز بعد گپکار اتحاد کے لیڈران کل یعنی منگل کو ایک بار پھر صلاح مشورہ کریں گے۔ذرائع نے پیر کو بتایا کہ مذکورہ اتحاد کی یہ میٹنگ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبد اللہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگی۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق گپکار اتحاد کے لیڈران کی میٹنگ کیلئے صبح گیارہ بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں 24جون کو وزیر اعظم کے ساتھ ہوئی میٹنگ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مودی کی صدارت میں چار روز قبل نئی دلی میںکل جماعتی اجلاس منعقد ہوا جس میں جموں کشمیر کے سبھی صف اول کے مین اسٹریم لیڈران سے شرکت کرکے اپنے موقف کی وضاحت کی۔
نیشنل کانفرنس لیڈر اور رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے کل ہونے والی گپکارمیٹنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے ایجنڈا سے ناواقف ہیں۔