سرینگر //ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس بھارت نہ پاکستان بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کی ایجنٹ ہے۔پی ڈی پی بھاجپا اتحاد کی شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ انہوں نے فورسز کو لوگوں پر ظلم و ستم ڈھانے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔درگاہ حضرتبل میں لوگوں سے تبادلہ خیال کرنے کے دوران انہوں نے کہا’’ ہم نہ بھارت یا پاکستان کے ایجنٹ ہیں بلکہ لوگوں کے ایجنٹ ہیں اور ہمیں اس بات پر فخرہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ یہاں کے لوگوں کی شناخت قائم رکھنے کے لئے پارٹی نے کتنی قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ میں متواتر طور پر انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران اس بات کی طرف اشارہ کررہا ہوں کہ یہ جنگ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف ہے۔ڈاکٹر فاروق نے کہا’’ کشمیر اس وقت مشکل دور سے گذر رہا ہے اور اس کا ازالہ اسی وقت ممکن ہے جب لوگ آپس میں متحد رہیں‘‘۔انہوں نے لوگوں کی اس مزاحمت کی سراہنا کی جو وہ پی ڈی پی بھاجپا کے اتحاد کی وجہ سے صورتحال کا سامنا کرنے کے دوران کررہے ہیں۔انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ لوگوں کے صبر کا امتحان نہ لے بلکہ لا منتہا گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور بند کر کے مخدوش صورتحال کا خاتمہ کرے۔انہوں نے کہا’’ پی ڈی پی ناگپور ایجنڈا پر عمل پیرا ہوکر خفیہ منصوبے کے تحت کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کا بدترین رول ادا کررہی ہے‘‘۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ کشمیر دشمن حکمرانوں کے سازشوں اور چالوں سے ہوشیار رہیں جو ریاست کی سا لمیت، انفرادیت ، تشخص اور کشمیریت کو مزید سودا کرنے کے پیچھے پڑے ہیں۔مسلمانوں کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں مسلمانوں نے متحد ہوکر فرقہ پرستوں کا مقابلہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ بیشتر ریاستوں پر فرقہ پرستوں کی حکومتیں ہیں، ملک کی اقلیتوں میں خوف و ڈر پیدا ہونا قدرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا لہو لہو ہے،شام،عراق، افغانستان،مصر اور سوڈان میں مسلمانوں کا لہو بہایا جارہا ہے، یہ اس لئے ہورہا ہے کہ مسلم دنیا کبھی متحد نہیں ہوئی۔انکا کہنا تھا کہبدقسمتی سے یو پی کے مسلمانوں میں نا اتفاقی کی وجہ سے ان پر ایسا فرقہ پرست حکمران تسلط ہوا ۔ جس نے وہاں کی مسلم اکثریت کی نیند حرام کر دی اور مسلمان کشش پالسییاںشروع کیں لیکن ایسے فرقہ عناصروں کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ اپنے ظلم و ستم کی بناء پر زمین بوس ہوجائیں گے ۔ ڈاکٹرنے کہا مسلمان ہند نے انگریزی سامراج کے خلاف آزادی ہند کے خاطر جو عظیم قربانیں قید و بند کی صوبتیں ، جلاء وطنی اور مالی جانی قربانیاں دی ہے ۔ آج مسلمانانِ ہند کو ستانا ہندوستان کی جمہوریت پر بد نماء داغ اور گاندھی اور نہروں کے ہندوستان کے لئے المیہ ہے، اور یہ ہندوستان کی آزادی اور سالمیت کو خطرہ ہے ۔ ڈاکٹر فاروق درگاہ حضرتبل میں نماز جمعہ کے بعد عوامی وفود سے باتیں کررہے تھے۔اس سے قبل انکی درگاہ میں دستار بندی کی گئی۔