سرینگر// نیشنل فرنٹ نے مرکزی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے ذریعے پارٹی چیئر مین اور سینئر مزاحمتی لیڈر نعیم احمد خان کی نئی دلی میں مسلسل پوچھ تاچھ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ این اے آئی کو کشمیر یوں کی آواز خاموش کرنے کیلئے ہتھیار کی طرح استعمال کیا جارہا ہے۔پارٹی کی طرف سے موصولہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکمران اور اس کے جملہ ادارے نعیم خان کے سیاسی عقائد کو توڑنا چاہتے ہیں لیکن اُنہیں یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ نعیم خان کوئی حادثاتی لیڈر نہیں بلکہ ایک پیدائشی آزادی پسند ہے ۔بیان کے مطابق این آئی اے کو نعیم خان کیخلاف استعمال کیا جارہا ہے تاکہ اُنہیں تنازعہ کشمیر سے متعلق اپنے مو¿قف سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا جائے۔فرنٹ ترجمان نے کہا کہ پہلے نعیم خان کو مرعوب کرانے کیلئے چھاپوں کا حربہ آزمایا گیا اور اب اُنہیں دلی میں مسلسل پوچھ گچھ کے نام پر ہراساں کیا جارہا ہے جو نہ صرف قابل مذمت بلکہ باعث تشویش بھی ہے۔