نئی دلی//حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق احمداندرابی نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ سرینگر سے جدہ شریف تک براہ راست حج پروازیں چلانے کے علاوہ ریاست کے لئے خصوصی حج کوٹے میں سے اضافی 1400نشستیں منظور کریں۔یہ مطالبہ وزیر موصوف نے نئی دلی میں منعقدہ ایک روزہ سالانہ حج کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کے دوران پچھلے سال کے حج انتظامات کا جائز ہ لینے کے علاوہ اس سال کے حج کے لئے انتظامات میں بہتری لانے کے حوالے سے تجاویز سامنے رکھی گئیں۔اس دوران اگلے حج کے لئے سرگرمیوں کے کیلنڈر اور ایکشن پلان پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔وزیر نے کانفرنس میں کہا کہ ریاست کے حج عازمین بالخصوص معزز شہریوں کو نئی دلی یا شارجہ میں چار سے پانچ گھنٹے تک رُکنے کی وجہ سے دِقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وزیر نے کہا ہے کہ اس سال ریاست جموں وکشمیر سے 7,960 عازمین سفر محمود پر روانہ ہو رہے ہیں۔انہوں نے کانفرنس کے دوران عازمین کو مختلف سہولیات بہم رکھنے کے حوالے سے امور کو اُجاگر کیا۔فاروق اندرابی نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ریاست کو خصوصی کوٹا میں اس سال 1400اضافی نشستیں منظور کرنے کا بھی مطالبہ کیا جیسا کہ کریلا اور گجرات ریاستوں کے حق میں کیا گیا ہے۔وزیر نے حج کمیٹی آف انڈیا سے ریاستی حج ہاوس کی تجدید و مرمت کرانے کیلئے مالی مدد طلب کی کیونکہ سال 2014ءکے دوران سیلاب کی وجہ سے حج ہاوس کو کافی نقصان پہنچا تھا۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں چار منزلہ حج ہاوس کو لگ بھگ 2 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے مطالبات کو مد نظر رکھتے ہوئے اقلیتی امو رکے وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ سرینگر میں حج ہاوس کی مرمت کے لئے وہ ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔اندرابی نے سینٹر حج کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ ریاست کے شیعہ عازمین کے لئے ائیر پورٹ سے جوفا تک کھلی چھت والی بسیں دستیاب رکھیں ۔ انہوں نے مکہ شریف میں عازمین کیلئے کلسٹر طرز پر رہائشی سہولیات دستیاب رکھنے کی بھی تجاویز رکھیں۔