آگرہ// پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بہتر رشتے قائم ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے خاندان کے ساتھ درگاہ شیخ سلیم چشتی کی درگاہ پر حاضری کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں حکومت سے مثبت سمت میں کام کرنے کی امیدیں ہیں اور ہمیں یہ یقین ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات بہتر ہوں گے۔ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے لیڈروں کے مابین امن مذاکرات ضرور ہوں گے اور مسائل کئے جائیں گے۔ سہیل محمود نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے بارے میں عمران خان بھی کہہ چکے ہیں اور انہوں نے کہاکہ ’’عمران خاں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے تنازعات ختم ہوں اور مضبوط رشتے قائم ہوں تاکہ دونوں ممالک ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکیں‘‘۔اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نے درگاہ شیخ سلیم چشتی ؒ کی درگاہ پر حاضری دی اور چادر بھی چڑھائی جہاں درگاہ کے سجادہ نشیں حضرت پیر زادہ رئیس میاں چشتی نے ہائی کمشنر کی حاضری کرائی اور ان کے لئے خصوصی دعا کی۔درگاہ کے سجادہ نشیں نے سہیل محمود کو بطورتبرک درگاہ کی چادر بھی پیش کی۔سجادہ نشیں حضرت پیر زادہ رئیس میاں چشتی کے ساتھ ان کے فرزنداکبر پیرزادہ ارشد فریدی بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستانی ہائی کمشنر اپنی فیملی کے ساتھ فتح پور سیکری پہنچے تھے۔ان کے ساتھ انکی بیگم مہوش سہیل ، بیٹیاں اور بیٹے نے بھی مزار شریف کی زیارت کی۔سہیل محمود کے ساتھ پاکستانی سفارت خانے کے پروٹوکول افسر سرفراز احمد بھی تھے۔درگاہ کے سجادہ نشیں حضرت پیرزادہ رئیس میاں چشتی نے دونوں ممالک کے درمیان بہتر رشتے قائم ہونے کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔پاکستانی ہائی کمشنر نے یہاں مغلیہ میناکاری کے خوبصورت نمونے دیکھے اور صوفیانہ کلام بھی سنا۔صوفیا کرام کی طرز زندگی سے وہ بے حد متاثرہوئے۔ انہوں نے درگاہ شریف میں فارسی میں لکھے کتبوں کو بہت توجہ سے پڑھا۔ بعد میں سہیل محمود سجادہ نشیں حضرت پیرزادہ رئیس میاں چشتی کے حجرہ میں بھی گئے۔ تقریباً دو گھنٹے تک درگاہ شریف میں رہے۔یو این آئی۔