سری نگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کرکٹ کے عالمی کپ کے 38 ویں میچ میں ٹیم انڈیا کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کی ذمہ دار نئی جرسی کو ٹھہرایا ہے۔محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’’'آپ مجھے توہم پرست سمجھیں لیکن میں یہ بات کہوں گی کہ یہ نئی جرسی ہے جس نے آئی سی سی عالمی کپ سال 2019 میں انڈیا کی جیت کے سلسلے پر روک لگادی‘‘۔بتادیں کہ ٹیم انڈیا کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر جہاں سابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی ناقص کارکردگی کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے، وہیں نئی جرسی کو بھی مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی کے ایک لیڈر کے مسلمان خواتین کی اجتماعی عصمت دری کے بیان سے میرا ٹیم انڈیا کی کارکردگی کے بارے میں ٹویٹ زیادہ بحث وتمحیص کا باعث بن گیا۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا’’بی جے پی کے ایک لیڈر کے بیان کہ جس میں ہندؤں کو مسلمان خواتین کی اجتماعی عصمت دری کرنے کو کہا گیا، سے میرا ٹیم انڈیا کی کارکردگی کے حوالے سے ٹویٹ زیادہ توجہ کا باعث بن گیا، کیا ایسے بیانات کو جان بوجھ کر صرف نظر کیا جاتا ہے؟ ایک بے ضرر ٹویٹ کے خلاف زبردست ردعمل کیا جاتا ہے لیکن اس بیان کے خلاف آواز کیوں نہیں اٹھائی جاتی‘‘۔اس سے قبل محبوبہ نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا تھا’’پاکستان کے شائقین کرکٹ ٹیم انڈیا کی انگلینڈ کے خلاف جیت کے خواہشمند تھے، چلو کم سے کم کرکٹ کے بہانے ہی دونوں ممالک ایک ہی صفحے پر آگئے‘‘۔یو این آئی