بیروہ //جموں کشمیر پولیس اور سپیشل اوپریشن گروپ (ایس او جی)کے اہلکاربیروہ میں اُس وقت گتھم گتھا ہوگئے جب ایس او جی اہلکاروں نے ایک ایمبولینس میں سوار زخمی نوجوان ،جسے ہسپتال لے جایا جارہا تھا ،کے تیماردار کو کھڑکی سے کھینچ کر باہر لانے کی کوشش کی گئی۔اس موقعہ پر پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی )نے ایس او جی اہلکاروں کو ایسا کرنے سے روکاجس پر ایس اوجی آفیسر مشتعل ہوگیا اوراُس نے پولیس آفیسر کوگولی مارنے کی دھمکی دی ۔ بیروہ میںقصبے میں صبح سے ہی نوجوانوں اور فورسزکے درمیان پُر تشدد جھڑپیں جاری تھیں اور اس دوران کسی دوسرے علاقے میں زخمی ہوئے ایک نوجوان کو ایمبولینس میں ہسپتال لایا گیا۔ایس او جی اہلکاروں نے زخمی نوجوان کے ساتھ سوار اُس کے تیماردار کو ایمبولینس کی کھڑکی سے باہر کھینچنے کی کوشش کی لیکن وہاں موجود پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے انہیں ایسا کرنے سے روکا،جس پر ایس او جی آفیسر مشتعل ہوگیا اور اُس نے پولیس آفیسر کو وہاں سے نکل جانے کیلئے کہا۔اے ایس آئی نے ایس او جی آفیسر سے کہا ’’ اس طرح کی کارروائیوں سے حالات مزید پیچیدہ ہوسکتے ہیںاور میں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دوں گا ‘‘۔اس پر ایس اوجی آفیسر مزید مشتعل ہوگیا اور اُس نے اے ایس آئی سے کہا ’’ہٹ جائو ورنہ میں گولی ماردوں گا پھر بعد میں دیکھیں گے کیا ہوگا‘‘۔اس دوران کچھ اہلکاروں نے معاملے کو رفع دفع کیا تاہم اے ایس آئی نے تحصیل انتظامیہ کو فوری طور معاملے سے آگاہ کیا۔