حسین محتشم/ عشرت بٹ
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے اسمبلی حلقہ انتخاب حویلی سے نیشنل کانفرنس کے کامیاب امیدوار اعجاز احمد جان نے اپنی جیت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ان کو اتنی بڑی کامیابی عطا کی۔انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی بتا چکے تھے کہ ان کا مقابلہ کسی کے ساتھ نہیں کیونکہ لوگ نیشنل کانفرنس کو پسند کرتے ہیں اور انہوں نے پارٹی کو ووٹ دیا۔انہوں نے کہا اگرچہ دوسری جماعتوں کے لوگوں نے بڑے بڑے دعوے بھی کئے لیکن لوگوں نے ان کے دعووں کو بالکل مسترد کر کے اپنا فیصلہ سنایا۔انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنا یہ فیصلہ نفرت کی پالیسی کی خلاف سنایا۔انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اب نفرت کی سیاست جموں کشمیر میں بند ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور اقتدار میں انہوں نے پوری کوشش کی کہ سرحدی ضلع پونچھ کو اونچائی پر لے جایا جائے آنے والے وقت میں وہ اسے مزید بہتر بنائیں گے اور لوگوں کے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں ان کے ساتھیوں نے جی جان سے محنت کی ہے جس کا یہ نتیجہ ہوا کہ وہ ایک بڑے مارجن سے اپنے انتخابات جیت سکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جو ان سے توقعات ہیں وہ ان پر پورا کھرا اتر کر لوگوں کے مسائل حل کریں گے۔