سرینگر//طالب علموں کی بہبودی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر تعلیم سیدمحمد الطاف بخاری نے کل کہا کہ میرا رول طالب علموں کی حفاظت کرنا اور ان کے مفادات کی نمائندگی کرنا ہے ۔وزیر موصوف منٹو سرکل سکول کے سالانہ دِن ، جہاں وہ مہمان خصوصی تھے، کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقعہ پر وزیر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں میں اخلاقیات کے اقدار کو بلند کرنے کے لئے کچھ وقت اُن کے ساتھ گزاریں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے زمانے میں والدین بچوں کے ساتھ بہت وقت گزارتے تھے لیکن اب والدین مصروفیات کی وجہ سے بہت کم وقت بچوں کو دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین کی رہبری بچوں کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہے ۔بخاری نے سکول کے انتظامیہ کی تعلیم کے فروغ کے تئیں کوششیں کرنے پر مبارک باد دی ۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکول شہروں میں بہتر تعلیم فراہم کرنے میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں ۔اب انہیں چاہئے کہ وہ دور دراز علاقوں میں بھی معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے سکول کھولیں۔بعد میں بخاری نے اُن طالب علموں میں انعامات تقسیم کئے جنہوں نے مختلف کھیلوں میں میڈل جیتے تھے۔