سنگاپور// کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی بہن پرینکا گاندھی نے اپنے والد راجیوگاندھی کے قاتلوں کو مکمل طور پر بھلادیا ہے۔ سنگاپور میں آئی آئی ایم کے سابق طلباء کے ساتھ بات چیت کے دوران راہل گاندھی نے کہاکہ والد کے قتل کے بعد ہم کئی سالوں تک کافی پریشان اور تکلیف میں تھے اور بہت ناراض بھی تھے لیکن کسی طرح ہم نے بھلادیا۔ یہ تاریخ ہے کہ جب ایک سمجھنے کے قابل ہوتا تو اس وقت اس طرح کے واقعات پیش آجاتے ہیں جو خیالات، قوتوں اور الجھنوں کا ٹکراؤ ہے۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں آپ پکڑے جاتے ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ جب میں نے جناب پربھاکرن کو ٹی وی پر مردہ پڑے دیکھا تو مجھے دو چیزوں کا احساس ہوا ۔ایک یہ کہ اس آدمی کو اس طرح سے کیوں تذلیل کیاجارہا ہے اور دوسرا یہ کہ مجھے اس کے اور اس کے بچوں کیلئے یقینا بہت برا لگا اور مجھ سے جوہوسکا میں نے کیا کیونکہ میں نے گہرائی سے سمجھا کہ ان چیزوں کے دوسرے حصے کا مطلب کیا ہے۔ اس لئے جب میں تشدد دیکھتا ہو ں تو میں سوچتا ہوں کہ یہ کون ہے ، مجھے معلوم ہے کہ یہ بھی ایک انسان ہیں ، ان کے پیچھے ایک کنبہ ، اس کے پیچھے بلکتا ہوا بچہ ہے ۔ جب میں نے راجیوگاندھی کے قاتلوں کے بارے میں سوچا تو بڑا درد محسوس ہوا ۔ واضح رہے کہ تمل ناڈو میں ایک انتخابی ریلی کے دوران 21 مئی 1991 کو پربھاکرن کی قیادت میں سری لنکا میں دہشت گرد گروپ ایل ٹی ٹی ای کی ایک خودکش بمبار نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کو ہلاک کردیا تھا۔