جموں//ڈویژنل کمشنر جموں ایم کے بھنڈاری نے مختلف محکمہ جات کے افسران کے ساتھ میٹنگ منعقدکرکے صوبہ جموں کے بڑے تعمیراتی پراجیکٹوں پرہورہے کاموں کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔اس دوران میٹنگ میں ڈویژنل کمشنر موصوف نے پراجیکٹوں کے کام کاج میں سرعت لانے پرزوردیتے ہوئے انہیں وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے افسران سے کہاکہ بلاجوازپراجیکٹوں کے کام میں تاخیرکوبرداشت نہیں کیاجائے گا۔اس دوران جن پراجیکٹوں کے بارے میں تفصیل طلب کی گئی ان میں جموں ایئرپورٹ کے رن وے کی توسیع ، بس سٹینڈ میں ملٹی ٹائر پارکنگ کمپلیکس ، توی ریورفرنٹ ، جموں توی پرمصنوعی جھیل، جموں سٹی کے سیوریج پراجیکٹ، جموں شہرمیں پانی کی دستیابی ، مہاراجہ ہرسی سنگھ میموریل پارک ، مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس اورجموں رو پ وے پروجیکٹ وغیرہ شامل ہیں۔ ڈویژنل کمشنرنے پراجیکٹوں کوجلدی مکمل کرنے پرزوردیا۔میٹنگ میں آئی جی پی جموں، ایس ڈی سنگھ جموں کمشنرجے ایم سی منموہن سنگھ، وی سی جے ڈی آرکے شیون ، چیف انجینئر ای ایم اینڈ آرای ،پروجیکٹ ڈائریکٹر جموں نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا ودیگران موجودتھے۔