عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ریاض// فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ، فرانسیسی صدر کے طیارے کو سعودی فضائیہ کے طیاروں نے اپنے حصار میں لیا۔تفصیلات کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، سعودی فضائی حدود میں داخل ہونے پر فرانسیسی صدر کے طیارے کو سعودی فضائیہ کے طیاروں نے اپنے حصار میں لے لیا۔رائل فضائیہ کے ایف فیفٹین طیاروں نے صدر میکرون کے طیارے کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے تک اپنے حصار میں رکھا، سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اور نیشنل گارڈ کے اہلکاروں نے انھیں سلامی پیش کی۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور کے علاوہ اقتصادی، ثقافتی، ماحولیاتی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ولئ عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر فرانسیسی صدر کا دورہ مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے ، سعودی وژن ٹوئنٹی تھرٹی اور فرانس ٹوئنٹی تھرٹی کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیے مشترکہ عزم ہے ۔ تین روزہ سرکاری دورے کا مقصد فرانس اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانا بھی ہے ۔