سرینگر/سرینگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج سے صدر اسپتال داخل ہونے والے راستے میں ڈرینیج کی خرابی کی وجہ سے پورے کالج میں بد بو پھیل گئی ہے۔ میڈیکل کالج سے صدر اسپتال میں طبی اور نیم طبی عملے کے داخلے کیلئے بنائی گئی سڑک کے بیچوں بیچ موجود ڈرین بار بار بند ہونے کی وجہ سے طبی اور نیم طبی عملے کو اسپتال داخل ہونے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ صدر اسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ میڈیکل کالج انتظامیہ اس حوالے سے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے کیونکہ مزکورہ جگہ میں بنائی گئی ڈرینیج سے آئے روز پانی باہر آکر طبی عملے اور نیم طبی عملے کی تکلیف کا سبب بنتا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ نکاسی کا یہ پانی ا سپتال سے نکل رہا ہے اسلئے کافی بدبو دار ہوتا جس سے میڈیکل کالج کی فضا بدبو دار ہوتی ہے اورکسی کو بھی چلنے سے قبل چہرے پر رومال لگانی پڑتی ہے اور یہ بد بو کبھی بھی کسی کی بیماری کا بھی سبب بن سکتا ہے۔ مذکورہ ڈاکٹروں نے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ جگہ کو صاف و شفاف رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔