سمت بھارگو
راجوری//لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری نے سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔جی ایم سی راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر امرجیت سنگھ بھاٹیا نے حالات سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال کے مختلف شعبوں میں خصوصی میڈیکل ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ زخمی یا متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے بتایا کہ گزشتہ چار دنوں میں ہسپتال میں 26 زخمیوں کو لایا گیا۔ ان میں سے 6 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کیا جا چکا ہے، جب کہ 8 مریض اب بھی زیر علاج ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 4 زخمیوں کو جنہیں سر اور دیگر اہم اعضا میں سنگین چوٹیں آئی تھیں، بہتر طبی نگہداشت کے لئے جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا۔ تین مریضوں کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، جن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری ڈاکٹر راج کمار تھاپہ، ایک غیر ریاستی مزدور اور اس کی کم سن بھتیجی شامل ہیں۔ڈاکٹر بھاٹیہ نے کہا کہ 4 مریضوں کو نازک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، لیکن اسپتال میں فوری اور مؤثر علاج کی بدولت اب وہ خطرے سے باہر ہیں۔انہوں نے ایک خاص کیس کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ ’’ایک مریض کے پیٹ میں چھ انچ لمبا شیل کا ٹکڑا پیوست تھا۔ اس کی پیچیدہ سرجری کی گئی جو کامیاب رہی، اور اب وہ صحت یابی کے عمل میں ہے۔ ہم اس کی حالت پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں‘‘۔پرنسپل جی ایم سی راجوری نے یقین دلایا کہ ہسپتال مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔