عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ٹاؤن میں حالیہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والے پانی جمع ہونے کے سنگین مسئلے کو میڈیا کی جانب سے اجاگر کئے جانے کے بعد، ضلعی انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔انتظامیہ کی مداخلت کے بعد مرادپور پل پر بند ہو چکے پانی کے اخراج کے سوراخ (ڈسچارج ہولز) اور ڈرین پائپوں کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے، جس کا مقصد مستقبل میں پانی جمع ہونے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔مرادپور پل، جو شہر کے مصروف راستوں میں شمار ہوتا ہے، حالیہ دنوں میں شدید بارش کے بعد پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک اور راہگیروں کے لئے ایک مشکل مقام بن گیا تھا۔ مقامی افراد اور دکانداروں نے شکایت کی تھی کہ پانی کئی گھنٹوں تک پل پر کھڑا رہتا ہے، جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔میڈیا کی رپورٹنگ کے بعد جب معاملہ انتظامیہ کے سامنے آیا، تو فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ میونسپل اور پی ڈبلیو ڈی حکام نے صفائی ٹیمیں روانہ کر کے بند سوراخوں اور نالوں کو کھول دیا، اور نکاسی آب کے نظام کو بحال کیا گیا۔ایک افسر نے بتایاکہ ’ہم نے مرادپور پل پر پانی کے اخراج کے تمام راستوں کی صفائی مکمل کر لی ہے۔ آئندہ بارشوں میں یہاں پانی جمع ہونے کا امکان نہیں‘‘۔شہریوں نے میڈیا، ضلعی انتظامیہ اور صفائی عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس طرح کی بروقت کارروائی جاری رکھی جائے تو راجوری ٹاؤن کی نکاسی آب کی صورت حال میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔یہ واقعہ اس بات کی مثال ہے کہ میڈیا، عوام اور انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ کس طرح عوامی مسائل کا فوری حل نکال سکتا ہے۔