جموں//ریاست کے مختلف کالجوں سے تعلق رکھنے والے میڈیا مضمون سے وابستہ ایک گرؤپ نے کل یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کی۔ گرؤپ نئی دہلی میں پریس کونسل آف انڈیا کی گولڈن جوبلی تقریب میں حصہ لینے کے بعد واپس لوٹا ہے۔وزیر اعلیٰ نے طُلاب سے اُن کے تاثرات دریافت کئے اور انہیں اپنے تجربات کو موثر طریقے پر تشہیر کرنے کی تلقین کی۔طُلاب نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی کہ انہیں ایسے ہی مواقعے مستقبل میں بھی فراہم کئے جائیں۔ناظم اطلاعات مُنیر الاسلام اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس دوران پیر پنچال علاقہ کے نوجوانوں کے ایک وفد نے علاقے کو ہل ڈیولپمنٹ کونسل کا درجہ دلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے جموں۔ پونچھ قومی شاہراہ پر ریسٹ رومز کو معرض وجود میں لانے اور جموں یونیورسٹی کے پونچھ کیمپس پر جاری کام میں تیزی لانے پر زور دیا۔وفد نے علاقے میں مزید تعلیمی ادارے قائم کرنے ، جموں یونیورسٹی میں عربی اور فارسی مضامین متعارف کرانے کا مطالبہ کیا۔جموں شہر کے کئی وفودنے بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا جن میں لنک روڈ، ڈرین، پینے کے اپنی اور بجلی کی سپلائی شامل ہے۔پولیٹکل مائیگرینٹوں کے ایک وفد نے انہیں مناسب رہایشی سہولیات اور پی ایم پیکج میں سے مناسب حصہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔کٹھوعہ کے ایک وفد نے مقامی ریلوے سٹیشن سے جنک اور صنعتی کوڑا ہٹانے، ریلوے سٹیشن کو جاذب نظر بنانے اور کٹھوعہ۔ کھروٹ سڑک کو تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ریاسی کے ایک وفد نے مقامی ضلع ہسپتال کو مزید فعال بنانے اور وہاں میٹرنٹی یونٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔آل جے اینڈ کے انجنیئرس ایسوسی ایشن کے وفد نے اُن کی ترقیوں میں تفاوت کو دور کرنے وغیرہ معاملات حل کرنے کا مطالبہ کیا۔محکمہ تعلیم کے لیبارٹری اسسٹنٹوں کے ایک وفد نے انکی التواء میں پڑی تنخواہوں کو واگذار کرنے کا مطالبہ کیا۔جے اینڈ کے منرلز لمٹیڈ کے ریٹائرڈ ملازموں کے ایک وفد نے کولا کی واگذاری اورپنشن کی سہولیات فراہم کرانے کا مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے وفود کے مطالبات غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کی مشکلات دور کرنے کو ترجیح دے گی۔