سرینگر// شہر میں بغیرمیٹر والے آٹو رکھشوں کے خلاف شروع کی گئی مہم کے تحت سٹی ٹریفک پولیس نے 104ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی اور 10 رکھشوں کو ضبط کیا ۔ٹریفک پولیس کو عوام کی طرف سے مسلسل یہ شکایات موصول ہورہی تھیں کہ شہر اور اس کے اطراف و اکناف میں چلنے والے آٹو رکھشا مالکان نے کرایہ کے نام پر لوٹ مچارکھی ہے ،کرایہ نہ ہی میٹر کی ریڈنگ کے مطابق اور نہ ہی مقررہ شرح پر لی جاتی ہے بلکہ من مرضی کے تحت وصولی کرکے مسافروں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹا جاتا ہے۔ٹریفک پولیس نے شہرمیں چلنے والے آٹو رکشوں میں کرایوں کے لئے ڈیجیٹل میٹر کو لازمی قرار دیا ہے ۔ٹریفک پولیس نے بغیر میٹر والے آٹو رکشوں کے خلاف مہم شروع کی اور مختلف مقامات پر 104 ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی گئی اور 10رکشوںکو ضبط کیا گیاجو ضروری دستاویزات کے بغیر ہی سڑکوں پر چل رہے تھے ۔قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 88ڈرائیوروںپر جرمانہ عاید کیا گیاجبکہ16کے خلاف کورٹ چالان کیا گیا اورٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں قصوواروں سے 9600روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ٹریفک پولیس نے آٹو رکھشا مالکان کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پرڈیجیٹل میٹر نصب کریں اور اسی حساب سے مسافروں سے کرایہ وصول کریں ۔ٹریفک پولیس نے ڈرائیوروں کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ وہ خاکی وردی پہنے ۔