باغبانی شعبے پر خطرات کے بادل: اپنی پارٹی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ایک ایسے وقت میں جب قومی شاہراہ مسلسل بند ہے اور میوے سے لدی ہزاروں ٹرکیں راستہ کھلنے کی منتظر ہیں، اپنی پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میوے کو وادی سے باہر کی منڈیوں تک پہنچانے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کرے۔کل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ وادی کے پھل فوری طور پر ملک بھر کی منڈیوں تک پہنچ جائیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ “کشمیر سے دہلی تک سیب لے جانے کے لیے حال ہی میں شروع کی گئی پارسل ٹرین میں مزید ڈبے شامل کئے جائیں۔پریس کانفرنس کے دوران منتظر محی الدین، فاروق اندرابی اور دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔
پھل ٹرکوں کو ترجیح دی جائے :میر واعظ
عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// میر واعظ کشمیر میر واعظ عمر فاروق نے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہنے سے میوہ صنعت سے وابستہ لوگوں کو در پیش مشکلات پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ٹرکوں کے بغیر رکاوٹ کے گزرنے کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں تاکہ میوہ صنعت سے وابستہ لوگوں کو مزید نقصان نہ اٹھانا پڑے اور ان کی ذہنی اذیت کو روکا جاسکے ۔میر واعظ نے پیر کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘احتجاج کرنے والے میوہ کاشتکاروں اور باغ مالکوں کی حالت زار سے گہرا دکھ ہوا، یہ کشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی کا وسیلہ ہے ، پھلوں سے لدے ٹرک شاہراہ پر گزرنے کا حق نہ ہونے کے باعث کئی دنوں سے سڑ رہے ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘ ان کی حالت زار پر حکومت کی بے حسی، ان کی سالہا سال کی محنت کو بربادی کی طرف دھکیلنا، شرمناک ہے ‘۔
فروٹ گروئورس کم ڈیلرز یونین لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر ویلی فروٹ گروئورس کم ڈیلرز یونین کے ایک وفد نے اس کے چیئرمین بشیر احمد بشیر کی قیادت میں کل لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاسے ملاقات کی۔وفد کے اراکین نے بڈگام سے آدرش نگر نئی دہلی تک نئی پارسل ٹرین شروع کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے وادی کے پھل اُگانے والوں اور تاجروں کے مختلف فلاحی مسائل بھی اُٹھائے جن میں نیشنل ہائی وے۔44 پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کی آسان آواجاہی اور مغل روڈ پر 10ٹائروں والے ٹرکوں کی آمد و رفت شامل ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو یقین دِلایا کہ پھلوں کے کاشت کاروں اور تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مناسب کاررِوائی کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے کی مکمل بحالی کے لئے اَفرادی قوت اور مشینری تعینات کی گئی ہے اور پھلوں سے لدے رُکے ہوئے ٹرکوں کو ترجیحی بنیادوں پر روانہ کیا جائے گا۔ ا‘نہوں نے مزید یقین دِلایا کہ وادی کے مختلف علاقوں میں پھلوں کے کاشت کاروں اور تاجروں کی سہولیت کے لئے ریلوے فریٹ ٹرمینل قائم کئے جائیں گے۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری بھی موجود تھے۔
فوری توجہ ناگزیز: عرفان حفیظ
غلام محمد
سوپور//کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے واگورہ-کریری، عرفان حفیظ لون نے پیر کو باغبانوں اور تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سوپور فروٹ منڈی کا دورہ کیا۔انہوں نے کاشتکاروں کو یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کو پارٹی کی اعلیٰ کمان کے ساتھ اٹھائیں گے تاکہ سیاسی سطح پر اس پر فوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ہائی وے پر ٹریفک بحال کرنے اور وادی کی معیشت کو ہونے والے مزید نقصان کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
کسان قرضے معاف ہوں
ایپل فارمرز فیڈریشن کا مطالبہ
عظمیٰ نیوز سروس
کولگام//جے اینڈ کے ایپل فارمرز فیڈریشن، ضلع کولگام نے پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وادی میں سیب کی صنعت کو درپیش بگڑتے ہوئے بحران کو اجاگر کیا۔فیڈریشن کے صدر ظہور احمد راتھر نے کہا کہ تاحال سیب سے لدے ٹرکوں سمیت بھاری گاڑیوں کے لیے بحال نہیں کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے پھلوں کی صنعت کو بڑے پیمانے پر نقصان اٹھانا پڑا ہے۔فیڈریشن نے حکومت اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ٹرکوں کے لیے آسانی سے گزرنے کو یقینی بنائیں اور کسانوں کو ہونے والے نقصانات کی تلافی کریں۔ انہوں نے متاثرہ کاشتکاروں کے لیے کے سی سی کے قرضوں کی معافی کا بھی مطالبہ کیا۔
عملی اقدامات کی ضرورت:قیوم وانی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم کے سربراہ عبدالقیوم وانی نے قومی شاہراہ کی مسلسل ناکہ بندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ ملک کے دوسرے حصوں میں سیب لے جانے کے لیے اضافی پارسل ٹرینوں کا انتظام کرکے کشمیر کی پھلوں کی صنعت کی حفاظت کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو فاقہ کشی اور مالی تباہی ہزاروں میوہکاشتکاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ایپل پارسل ٹرین کو کشمیر سے جوڑنے کے پہلے پہل کے لیے وزیر اعظم اور وزارت ریلوے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قیوم وانی نے زور دیا کہ موجودہ بحران علامتی اقدامات کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔
اے آئی پی کااحتجاجی دھرنے کا اعلان
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی نے کشمیر کے پھل کاشتکاروں کی حمایت میں آج پریس کالونی سری نگر میں صبح 11 بجے پرامن دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔اے آئی پی کے چیف ترجمان انعام ا لنبی نے کہا کہ یہ احتجاج سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سیب سے لدے ٹرکوں کے ہموار گزرنے کے مطالبے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کو غیر ضروری ناکہ بندیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناکہ بندی نے پھلوں کی صنعت کو، جو کشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے۔
حکومت ذرا حرکت میں آئے:سجاد لون
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پیپلز کانفرنس کے صدر اور رکن اسمبلی سجاد لون نے سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل متاثر رہنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران سے میوہ صنعت کو نقصان پہنچنے پر نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا: ‘خراب موسم حکومت کی غلطی نہیں ہے ۔ لیکن خاموش تماشائی کی طرح بیٹھنا اور کچھ نہ کرنا مجرمانہ عمل ہے ‘۔پیر کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میںانہوں نے کہا: ‘ ملک کے باقی حصوں کے لیے پہنچنے والے سیب سڑنے لگ گئے ہیں۔ سیب کے کاشتکاروں کے لیے بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا اندیشہ ہے ۔ان کا کہنا تھا: ”خراب موسم حکومت کی غلطی نہیں ہے ۔ لیکن خاموش تماشائی کی طرح بیٹھنا اور کچھ نہ کرنا مجرمانہ عمل ہے ‘۔سجاد لوں نے عمر عبداللہ سے قومی شاہراہ پر ٹرکوں کی بلا روک ٹوک نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک حکمت عملی بنانے کا مشورہ دیا۔