یو این آئی
سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے منگل کو مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو سے اپیل کی ہے کہ وادیٔ کشمیر سے دہلی کے درمیان خصوصی ٹرین سروس شروع کی جائے تاکہ قومی شاہراہ کی بندش کے باعث میوہ کاشتکاروں کو درپیش مسائل کم ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ کی بار بار بندش کی وجہ سے ہر سال وادی کے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان ہوتا ہے اور رواںسال بھی شاہراہ بند ہونے سے سیب سے لدے سینکڑوںٹرک پھنسے ہیں جس کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے۔ َ انہوں نے زور دیا کہ وادی اور دہلی کے درمیان ایک خصوصی کارگو ریل سروس کا قیام نہ صرف باغبانوں کو فوری ریلیف فراہم کرے گا بلکہ پوری صنعت کو سہارا دینے کا سبب بنے گا۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ شاہراہ کی بندش سے عام لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے لیکن سب سے بڑا بحران کاشتکار طبقے کو درپیش ہے کیونکہ شاہراہ پر سینکڑوں گاڑیاں پھنسی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد سیاحت کو زبردست دھچکا لگا اور ایسے میں وادی کی معیشت کو زندہ رکھنے میں صرف میوہ صنعت نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خصوصی کارگو ٹرین کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ پھل براہِ راست دہلی اور دیگر منڈیوں تک پہنچ سکے ، یہی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر حالیہ سیلابی صورتحال سے پہلے ہی بری طرح متاثر ہو چکا ہے اور اگر میوہ ضائع ہو گیا تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے ۔