سرینگر//جماعت اسلامینے میوہ باغات کو فوجی اہلکاروں کی طرف سے پہنچائے گئے نقصانات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دنیا کے انصاف پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان انسانیت سوز کارروائیوں کے خلاف مؤثر آواز بلند کریں۔ نیز جموںوکشمیر کے باشعور لوگوں سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ ان وحشیانہ کارروائیوں کو رکوانے کی خاطر ایک مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے کی خاطر ضروری اقدامات کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی اہلکاروں نے ظلم و ستم کے حدود پار کرتے ہوئے مہری پورہ اسلام آباد میں موجود چند میوہ باغات کے درختان کو ڈنڈوں سے ان پر موجود سیب گراکر ان کے مالکان کو روزی روٹی سے محروم کردیا۔ دراصل یہ غیر انسانی حرکت بھارت کی حکومت کی اُس پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے جس کے تحت کشمیر کے عوام کو اقتصادی بدحالی سے دوچار کرنا ہے۔ ایک طرف ٹی وی چینلوں پر غلط اور مذموم پروپگنڈے کے ذریعے یہاں آنے کی خواہش مند سیاحوں کو خوفزدہ کرکے یہاں کی سیاحتی انڈسٹری سے وابستہ ہزاروں لوگوں کو بے کار کردیا اور دوسری طرف اب لوگوں کی جائیداد اور میوہ باغات کو جان بوجھ کر تباہ و برباد کرنے کا مذموم سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے۔