سرینگر// میونسپل کونسل پانپورکی وائس چیئرپرسن زرینہ اختر نے دیگر کونسل ممبران سمیت پیر کو اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس سلسلے میں پارٹی کے صدر دفتر پر ایک تقریب منعقد ہوئی جس میںپارٹی کے سینئرلیڈر محمد دلاور میر، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، ضلع صدر گاندربل جاوید میر اور ڈی ڈی سی ممبر سیدپورہ ہارون اور انچارج سونہ وار حلقہ شبیر ریشی موجود تھے۔ اس موقع پر میونسپل کونسلر آزاد احمد میر اور محمد شفیع میر دیگر سیاسی کارکنان کے ہمراہ اپنی پارٹی میں شامل ہوئے۔ نئے ساتھیوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے محمد دلاور میر نے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ کئے ہوئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کی سیاست سچائی پر مبنی ہے اور یہ ہمیشہ اس اصول پر قائم رہے گی ۔ میر نے کہاکہ پارٹی نے لوگوں کی فلاح وبہبودی کو ہمیشہ ترجیحی دی ہے ، پارٹی کی سرگرمیاں خود اِس کی واضح مثال ہیں کہ کیسے لوگوں کے مشکلات کو حل کرنے کے لئے آواز بلند کی اور لگاتار کوششیں کی جارہی ہیں۔