سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدروسابق وزیراعلی محبوبہ مفتی نے گونر انتظامیہ پرشہری بلدیاتی اداروں کے منتخب ممبران کی واجب الاداتنخواہیں واگذار کرنے پر زوردیا ہے۔شہری بلدیاتی اداروں کے منتخب ممبران کے ایک وفد جو اُن سے ملاقات کرنے اُن کی رہائش گاہ پر گیاتھا،سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ا نتخابات میں شرکت کرکے ان منتخب ممبروں نے اپنی جانوں کو دائو پر لگایا ،تاکہ وہ لوگوں کی کچھ خدمت کرسکیں۔وفد نے محبوہ مفتی کواُنہیں درپیش مشکلات جن میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی،مقامی انتظامیہ کاعدم تعاون اورمناسب سیکورٹی اور متعلقہ علاقوں میں مناسب رہائش کے نہ ہونے سے آگاہ کیا۔محبوہ مفتی نے کہا کہ شہری بلدیاتی اداروں اور پنچائیتوں کے ممبران نے انتخابات میں حصہ لے کربڑاخطرہ مول لیااوراگروہ زمینی سطح پر اپنے لوگوں کی کوئی خدمت یامددکرنا چاہتے ہیں تواُن کو مکمل تعاون دیاجاناچاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ اُنہیں ابھی تک کئی ماہ کی تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔میونسپل کونسلراپنے متعلقہ علاقوں میں مناسب اورمحفوظ رہائش کے انتظار میں ہیں ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ پرزوردیا کہ وہ کشمیربھرمیں شہری بلدیاتی اداروں کے ممبران کودرپیش مشکلات کاازالہ کرنے کیلئے فوری طوراقدام کریں۔محبوبہ مفتی نے مزیدکہا کہ جب مقامی انتظامیہ تعاون نہیں کرے گی اور منتخب ممبران کی حقیقی مانگوں کو پورانہیں کیاجائے گاتو اس سے میونسپل اورپنچایتی انتخابات کے منعقد کرانے کاجمہوریت کوزمینی سطح پر مضبوط بنانے کامقصدہی فوت ہوجاتا ہے۔