سرینگر//ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر شالین کابرا نے میونسپل انتخابات کے چوتھے اور آخر ی مرحلے کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا۔اس مرحلے میں سری نگر میونسپل کارپوریشن ( وارڈ 1تا5 اور 54تا 73) ، میونسپل کمیٹی پٹن ( وارڈ 1تا 13) ، میونسپل کمیٹی گاندربل ( وارڈ 1تا 17)، میونسپل کمیٹی پانپور (وارڈ 1تا17 )، میونسپل کمیٹی کھریو ( وارڈ 1تا 13) ، میونسپل کمیٹی پلوامہ ( وارڈ 1تا 13) ، میونسپل کمیٹی شوپیاں ( وارڈ 1تا 17 ) اور میونسپل کمیٹی ڈورو ویری ناگ ( وارڈ 1تا 17) کے لئے انتخابات ہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزد گی داخل کرنے کی آخری تاریخ یکم اکتوبر 2018ء سوموار مقرر کی گئی ہے۔کاغذا ت کی جانچ 3؍ اکتوبر 2018ء بدھ وار کو ہوگی اور 5؍ اکتوبر 2018ء جمعہ تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔انتخابات 16؍ اکتوبر 2018منگلوار کو صبح 7بجے سے دوپہر 2بجے تک ہوں گے۔ووٹوں کی گنتی 20؍ اکتوبر 2018ء سنیچر کو ہوگی اور انتخابات کا پورا عمل 27؍ اکتوبر 2018 ء سنیچر تک مکمل کیا جائے گا۔ادھرگورنر انتظامیہ نے بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات مد نظر رکھتے ہوئے تمام ملازمین کی رخصت منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ حکمنامے کے مطابق ملازمین کو فقط میڈیکل ایمرجنسی میں رخصت دی جاسکتی ہے۔جی ا ے ڈی سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ملازم کے حق میں منظور کی گئی Leave کو منسوخ کیا جاتا ہے تاہم اس میں طبی بنیادپر منظور کی گئی Leave یا سٹیڈی لیو شامل نہیں ہے۔متعلقہ ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور اپنی ڈیوٹی پر رِپورٹ کریں۔حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں اگلا آڈر جاری کئے جانے تک تمام ملازمین اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرس پر موجود رہیں گے۔