غلام محمد
سوپور//سوپورمیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں قصبے کے مین چوک میں ڈیوائیڈرلگانے سے تاجروں اور عام شہریوں کوہورہے مشکلات کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں تاجرنمائندوں کے وفد نے صدرمحمداشرف گنائی ،تمام بازاروں کے نمائندوں کے علاوہ میونسپل کونسل سوپورکی چیئر مین مسرت کار،چیف ایگزیکیٹوافسر،نائب صدرمیونسل کونسل ،تحصیلدار اور ایس ایچ اونے شرکت کی ۔تاجروں کی انجمن کے وفد نے میٹنگ میں بتایا کہ مین چوک ،سوپورمیں ڈیوائیڈرلگانے سے مین مارکیٹ میںدکانداروں کاکاروباربری طرح متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بارباراس معاملے کوحکام کی نوٹس میںلایالیکن اس بارے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اس دوران متاثرہ محلہ کے صدرنے کہا کہ سڑک پرڈیوائیڈرلگانے سے مسافر اور نجی گاڑیاں محلہ کی سڑکوں سے گزررہی ہیں جس وجہ سے حادثات ہونے کاخطرہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ زیادہ ٹریفک چلنے سے رہائشی مکانوں کو بھی خطرہ ہے۔انہوں نے اس معاملے کو فوری طور حل کرنے پرزوردیا،تاکہ قصبے کے مرکزی بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہواورلوگوں کے چلنے پھرنے میں بھی آسانی ہو۔میونسپل کونسل کی صدرمسرت کار نے کہا کہ انتظامیہ کاہرقدم عام لوگوں معہ تاجروں کو راحت فراہم کرنے کیلئے اُٹھایاجاتا ہے اورایساکوئی اقدام نہیں کیا جاناچاہیے جس سے عام لوگوں ،تاجروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔میٹنگ کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ اس معاملے کو حل کرنے کیلئے فوری کارروائی کی جائے گی۔