جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر کے علاقے گھانی میں منگل کی صبح ایک دردناک سڑک حادثے نے پورے علاقے کو غم میں مبتلا کر دیا، جب ایک مسافر بس اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں چار افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر 44 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق بس گھانی سے مینڈھر کی طرف آ رہی تھی کہ اچانک توازن کھو بیٹھی اور کئی فٹ نیچے جا گری۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی، اور مقامی لوگ فوری طور پر مدد کو پہنچے۔ اطلاع ملتے ہی سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر سے ایمبولینسز روانہ کی گئیں، جبکہ کئی زخمیوں کو نجی گاڑیوں کے ذریعے بھی ہسپتال منتقل کیا گیا۔طبی عملے کے مطابق زخمیوں میں سے تیرہ افراد کی حالت نازک ہے، جنہیں بہتر طبی سہولیات کے لئے راجوری میڈیکل کالج ریفر کیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں نور احمد،محمد مجید، شکیلہ بی اور محمد حنیف شامل ہیں۔زخمیوں کی شناخت حسینہ بی، قمر الطاف، ناظمین، کوثر، سہیل احمد، افاق احمد، سلیمان عباس، محمد انظمام، ارفان احمد، ظفر اقبال، عبد الحمید، محمد شریف، محمد اسلم، سیما بی، محمد محفوظ، صداقت حسین، تسلیم اختر، زیتون بیگم، عدل بشیر، مکمل جان، تعظیم اختر، محمد شفیق، پرویز اختر، یاسمین کوثر، رضوان احمد، محمد عظیم، محمد اشرف، تصویر اختر، محمد جاوید، محمد قیوم، جاوید اقبال، شمیم اختر، محمد اقبال، قمران الطاف، ہدیہ، عمر توصیف، شہناز اختر، غلام مصطفیٰ، جہانگیر احمد، محمد اسلم، سہیل احمد، نعمان احمد اور محمد مختار کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او مینڈھر پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے اور بس کے بے قابو ہونے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا ہے اور لوگ اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لئے ہسپتال کا رخ کر رہے ہیں۔ انتظامیہ نے زخمیوں کے بہتر علاج و معالجے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ایل جی کا اظہار دکھ
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پونچھ میں ایک المناک حادثے میں ہوئے جانی نقصان پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے ایک تعزیتی پیغام کہا ہے ،’’ پونچھ میں المناک سڑک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر مجھے دُکھ ہوا ہے۔ دُکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں اُن لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اَپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میں حادثے میں زخمی ہوئے اَفراد کی جلد صحتیابی وشفایابی کے لئے دعا گو ہوں‘‘
عمرعبداللہ
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پونچھ سڑک حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کی بہترین طبی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے فوری ہدایات دی گئی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا’’مینڈھر میں ہونے والے المناک بس حادثے پر گہرا دکھ ہوا جس میں تین قیمتی جانوں کا زیاں ہوا ہے اور 45 سے زیادہ زخمی ہوئے ‘‘۔انہوں نے کہا’’میں غم کی اس گھڑی میں سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں اور تمام زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں‘‘۔عمر عبداللہ نے کہا کہ متاثرہ افراد کی بہترین طبی دیکھ بھال اور مکمل تعاون کو یقینی بنانے کے لیے فوری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ایکس گریشیا کا اعلان
گھانی سے مینڈھر کی طرف جانے والی ایک مسافر بس (رجسٹریشن نمبر JK02AX-1671) ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو نزدیکی طبی مراکز میں منتقل کرایا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر پونچھ، جو ضلع روڈ سیفٹی کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے ایک لاکھ روپے فی کس ایکس گریشیا امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم روڈ سیفٹی وکٹم فنڈ سے فراہم کی جائے گی۔انتظامیہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔