جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژن کے کوٹاں کانڈی علاقہ میں سوموار کی صبح اس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا جب ایک کار سڑک حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس حادثے میں ایک ڈینٹل ڈاکٹر سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جن میں ایک 12 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔زخمیوں کی شناخت ندیم اکرم، عمران افسر اور حسن علی خان (عمر 12 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر زخمیوں کو نکال کر سب ضلع ہسپتال مینڈھر پہنچایا، جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اشفاق چودھری کے مطابق تینوں زخمی خطرے سے باہر ہیں، تاہم ندیم اکرم کو بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کیا گیا ہے جبکہ باقی دو افراد کا علاج سب ضلع ہسپتال مینڈھر میں جاری ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوئی۔ پولیس نے کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔عوام نے انتظامیہ سے سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ایسے حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔