مینڈھر //اسمبلی حلقہ مینڈھر میں پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں پولنگ کے دوان کچھ ایک مقامات پر الیکٹرنگ ووٹنگ مشینوں کے خراب ہونے کی وجہ سے پولنگ متاثر رہی جبکہ کچھ علا قہ میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مقامی لوگوں نے پولنگ عمل کا بائیکاٹ کیا جبکہ انتظامیہ کی مداخلت اور یقین دہانیوں کے بعد لوگوں نے ووٹ ڈالے ۔اسی دوران کچھ ایک پولنگ اسٹیشنوں پر مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہو ئے کہاکہ بھاجپا کو ووٹ ڈالنے کیلئے فوجی اہلکاروں کی جانب سے ووٹروں کو مجبور کیا گیا ۔اسمبلی حلقہ کے نکہ منجہاڑی پولنگ اسٹیشن پر الیکٹر نگ ووٹنگ مشین کے خراب ہونے کی وجہ سے ووٹنگ متاثر ہو ئی جبکہ اس کے علا وہ مڈل سکول ناڑ بلنوئی میں مشین خراب ہونے کی وجہ سے 3گھنٹوں کی تاخیر سے ووٹنگ شروع ہو ئی ۔اسمبلی حلقہ میں مجموعی طور پر 7پولنگ اسٹیشنوں میں الیکٹرنگ ووٹنگ مشینوں کو تبدل کیا گیا ۔اس کے علا قہ ہائی سکول کشتی بلنوئی میں بنائے گئے پولنگ اسٹیشن میں لوگوں نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا ۔لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علا قہ ہونے کے باوجود مقامی لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں جبکہ انتخابی دنوں میں سیاسی نمائندے ووٹ مانگنے کیلئے آتے ہیں لیکن انتخابی نتائج کے بعد اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی تاہم سیکٹر آفیسر نے موقعہ پر جا کر لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے کہاکہ انتخابی عمل میں حصہ لینا ہر ایک ووٹر کا بنیادی حق ہے ۔سیکٹر آفیسر کی یقین دہانی کے بعد مقامی لوگوں نے انتخابی عمل میں شرکت کی ۔اس دوران ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے بوئز ہائر سکینڈری سکول مینڈھر میں ماڈل پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا تھا ۔