مینڈھر//قصبہ مینڈھر میں پانی کی نکاسی کا نظام بہت ہی خراب ہے جس وجہ سے آئے روز دکانداروں اور عام لوگوں کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے۔بیوپار منڈل جنرل سیکریٹری خورشید احمد،فیاض خان و دیگران کاکہناہے کہ قصبہ کا ڈرینیج نظام اس قدر خراب ہے کہ اس کی حالت کو بیان نہیں کیاجاسکتا۔ان کاکہناہے کہ یاتوقصبہ کو میونسپلٹی کادرجہ دیاجائے یاپھر صفائی ستھرائی اور نکاسی کے نظام میں بہتری لائی جائے نہیں تو وہ احتجاج کاراستہ اختیا رکریں گے۔انہوں نے کہاکہ صفائی ستھرائی اور پانی کی نکاسی کے نام پر ہر سال محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے اڈہ بولی لگائی جاتی ہے لیکن نکاسی کا نظام دن بدن خراب بنتاجارہاہے اور ساری گندگی نالیوں میں پھینک دی جاتی ہے جس وجہ سے بارش ہونے پر سارا پانی دکانوں اور مکانوں کے اندر چلاجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ حالیہ بارش میں بھی ان کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوااور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی لیکن انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو ٹس سے مس نہیں ہے۔