جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے اکثر علاقوں میں رمضان کے دوران پانی و بجلی سپلائی میں آرہے خلل کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو تاجار ہاہے جبکہ انتظامیہ کی مبینہ لاپرواہی کو لے کر امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان نقشبندی کی قیادت میں ایک وفد ایس ڈی ایم سے ملاقی ہوا ۔وفد میں شامل اراکین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ رمضان کے شروع ہونے سے قبل انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو یقین دلایا گیا تھا کہ رمضان میں بغیر کسی رکائوٹ کے پانی و بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا لیکن رمضان کے دوران مینڈھر سب ڈویژن کے اکثر دیہات میں پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا ہے ۔اسی طرح بجلی کی کئی گھنٹوں تک کٹوتی کی وجہ سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔وفد نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر میں خراب ہوئی واٹر سپلائی سکیموں کو بحال کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں جبکہ رمضان کے دوران دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔اس دوران ایس ڈی ایم مینڈھر نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں ایک مرتبہ پھر سے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں گی ۔