جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن میں ٹریجری آفیسر کی عدم تعیناتی کے باعث عوام اور سرکاری ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اضافی چارج سرنکوٹ کے آفیسر کو دیا گیا ہے، جو کہ کئی دنوں کے بعد مینڈھر دفتر میں آتا ہے، جس کے نتیجے میں جمع ہونے والی فائلیں کئی دنوں تک جوں کی توں پڑی رہتی ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دفتر میں آفیسر کی غیر موجودگی کی وجہ سے ملازمین اور پنشنرز کو اپنے ضروری سرکاری کاموں کے لئے یا تو طویل انتظار کرنا پڑتا ہے یا پھر انہیں سرنکوٹ جا کر اپنا کام کروانا پڑ رہا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے عوام کو غیر ضروری پریشانیوں اور مالی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقے کے لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مینڈھر سب ڈویژن میں ٹریجری آفیسر کی تعیناتی نہ کرنا افسوسناک عمل ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک مینڈھر کے عوام کو اس طرح کی مشکلات سے دوچار ہونا پڑے گا؟مقامی لوگوںنے متعلقہ حکام سے جلد از جلد مینڈھر میں مستقل ٹریجری آفیسر کی تعیناتی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو مزید پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے ضروری مالی امور بروقت مکمل ہو سکیں۔