سی سی ٹی وی اور کمپیوٹرائزڈ بلنگ کو لازمی قرار،قانون پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت
جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر میںمیڈیکل اسٹورز اور کیمسٹ شاپس کا ایک جامع معائنہ عمل میں لایا گیا، جس کی قیادت مشترکہ طور پر متعلقہ ڈرگ انسپکٹر اور نائب تحصیلدار مینڈھر نے کی۔ اس کارروائی کا مقصد دکانوں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل درآمد کا جائزہ لینا تھا۔معائنے کے دوران تمام دکانداروں کو سختی سے ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی دکانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں تاکہ مشکوک سرگرمیوں اور غیر قانونی لین دین پر مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے۔ حکام نے واضح کیا کہ سی سی ٹی وی نگرانی سے نہ صرف جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔اس کے علاوہ، کیمسٹ شاپس کو کمپیوٹرائزڈ بلنگ سسٹم اپنانے پر زور دیا گیا تاکہ دوا کی خرید و فروخت کا ریکارڈ شفاف انداز میں محفوظ رکھا جا سکے۔ حکام کا کہنا تھا کہ کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے بے ضابطگیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور عوام کو بھی آسانی ہوگی۔انتظامیہ نے دکانداروں کو یہ تاکید بھی کی کہ وہ جلد از جلد محکمہ صحت کی ڈیجیٹل پہل ای ۔صحت ایپ پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔ اس اقدام کا مقصد صحت کے شعبے میں شفافیت لانا اور ہر دکان کو سرکاری نظام سے جوڑنا ہے۔معائنے کے دوران کچھ دکانوں پر معمولی خامیاں پائی گئیں جنہیں موقع پر ہی درست کرنے کی ہدایت دی گئی۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے معائنے مستقبل میں بھی تسلسل سے جاری رہیں گے۔