جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر سے تعلق رکھنے والے محکمہ جل شکتی کے ڈیلی ویجروں نے اپنے مطالبات کے حق میں دفتر کے باہر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے اپنے جائز مطالبات کے لئے سرکار سے رجوع کر رہے ہیں، لیکن حکومت ان کے ساتھ مسلسل ناانصافی کر رہی ہے اور بار بار انہیں دھوکہ دیا جا رہا ہے۔احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ ان میں سے کئی ڈیلی ویجرز ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن اب تک انہیں مستقل نہیں کیا گیا۔ سرکار بار بار نئی کمیٹیاں تشکیل دے رہی ہے، جو اب مزید قابلِ قبول نہیں ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ دن رات محنت کرتے ہیں، مگر حکومت ان کی مشکلات کا کوئی مستقل حل نہیں نکال رہی۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات جلد منظور نہ ہوئے تو وہ سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے اور پانی کی سپلائی بند کر کے احتجاج کریں گے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تمام ڈیلی ویجروں کو مستقل کیا جائے تاکہ ان کے مسائل حل ہو سکیں۔