سمت بھارگو
راجوری//فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں پاکستان کا ایک 155 ملی میٹر کا غیر پھٹا توپ کا گولہ (UXO) برآمد ہوا ہے، جس میں فیوز کے بجائے پلگ لگا ہوا تھا، جو کہ آرٹلری تربیت کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔فوج کے ایک سرکاری بیان کے مطابق حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد مینڈھر میں یہ UXO برآمد ہوا جسے موقع پر ہی ناکارہ بنانے کے لئے بھارتی فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم روانہ کی گئی۔فوج نے بتایا کہ اس گولے کی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اس میں فیوز کی جگہ پلگ نصب تھا، جو کہ دنیا بھر کی توپ خانہ تربیت کا سب سے بنیادی سبق ہوتا ہے۔فوج نے کہاکہ ’’توپ کے گولے پر فیوز لگانا دنیا بھر کے توپ چیوں کو دی جانے والی ابتدائی تربیت کا اہم حصہ ہوتا ہے، اور پاکستان آرٹلری کا یہ اقدام ان کی تربیت کے ناقص معیار کا واضح ثبوت ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ UXO پاکستان آرٹلری کی ناتجربہ کاری اور عالمی فورمز پر کئے جانے والے جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کرتا ہے۔فوج نے جموں و کشمیر پولیس کے ساتھ مل کر پونچھ، کرشنا گھاٹی اور مینڈھر کے مختلف مقامات پر ایسے UXO’s کو تلف کرنے کی مہم تیز کر دی ہے تاکہ مقامی آبادی کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔یہ تمام کارروائیاں مکمل حفاظتی تدابیر کے تحت اور انسانی جان و مال کو کم سے کم خطرے میں ڈال کر انجام دی جا رہی ہیں ۔