جاوید اقبال
مینڈھر// ضلع پونچھ کے سرحدی سب ڈویژن مینڈھر میں جموں و کشمیر اسپورٹس ایسوسی ایشن اور کبڈی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مرد و خواتین کی بیسوی سینئر کبڈی چمپئن شپ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جو اتوار کے روز اختتام پذیر ہوا۔ اس مقابلے میں انڈین آرمی کی مردوں کی ٹیم اور جموں ضلع کی خواتین نے کامیابی حاصل کی۔یہ چمپئن شپ 7 فروری سے 9 فروری تک گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول مینڈھر میں منعقد کی گئی جس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی بہترین کبڈی ٹیموں نے شرکت کی۔ اس ایونٹ کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور کبڈی جیسے روایتی کھیل کو مقبول بنانے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو اپنی مہارت کے مظاہرے کا موقع فراہم کرنا تھا۔چمپئن شپ کے فائنل میں مردوں کا مقابلہ انڈین آرمی اور جموں و کشمیر پولیس کے درمیان ہوا، جس میں انڈین آرمی نے دو پوائنٹس سے جیت حاصل کر کے ٹرافی اپنے نام کر لی۔ خواتین کے مقابلے میں جموں ضلع کی ٹیم نے کھٹوعہ ضلع کو شکست دی۔ شائقین نے سنسنی خیز مقابلوں سے بھرپور لطف اٹھایا۔اختتامی تقریب میں برگیڈ کمانڈر 223 انفنٹری برگیڈ اور ایس پی افتخار چودھری مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے کامیاب ٹیموں اور نمایاں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس چمپئن شپ کو کامیاب بنانے میں میر عالم چودھری، بشارت خان، ماجد خان اور ضلع پونچھ کے محکمہ سپورٹس کے افراد کا کلیدی کردار رہا۔یہ چمپئن شپ نہ صرف نوجوانوں میں کھیلوں کے جذبے کو پروان چڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ علاقے میں کبڈی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔