جاوید اقبال
مینڈھر//جموں و کشمیر اسپورٹس ایسوسی ایشن اور کبڈی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 22ویں سینئر کبڈی مرد و خواتین چمپئن شپ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ یہ چمپئن شپ 7 فروری سے 9 فروری تک گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول، مینڈھر میں جاری ہے۔گزشتہ روز ٹورنامنٹ کے پول میچز کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل مقابلے بھی کھیلے گئے، جن میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔پہلے سیمی فائنل میں کٹھوعہ کا مقابلہ سرینگر سے ہوا، جس میں کٹھوعہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔دوسرے سیمی فائنل میں جموں اور جموں و کشمیر پولیس کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا، جس میں جموں کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔خواتین کا فائنل آج جموں اور کٹھوعہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔پہلے سیمی فائنل میں انڈین آرمی کا مقابلہ جموں ضلع کی ٹیم سے ہوا، جس میں فوج نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔دوسرے سیمی فائنل میں جموں و کشمیر پولیس اور پونچھ ضلع کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں، جہاں جموں و کشمیر پولیس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی۔مردوں کا فائنل آج انڈین آرمی اور جموں و کشمیر پولیس کے درمیان ہوگا۔مینڈھر میں منعقدہ اس چمپئن شپ کو کبڈی کے شوقین افراد کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ منتظمین کے مطابق، اس طرح کے مقابلے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور کھیلوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔فائنل مقابلے آج ہوں گے، جس میں کبڈی کے شائقین کو زبردست اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔