جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن میں دیہی ترقی محکمہ کے اہلکاروں پر عوامی کچرے دان ایک مقامی دریا میں پھینکنے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس مبینہ لاپروائی نے نہ صرف مقامی لوگوں کو مشتعل کر دیا بلکہ ماحولیاتی کارکنان نے بھی اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق، حال ہی میں قصبے کے مختلف مقامات پر عوامی سہولت کے لئے لگائے گئے کچرے دان مبینہ طور پر محکمہ آر ڈی ڈی کے کچھ اہلکاروں کی جانب سے دریا میں پھینک دیے گئے، جس سے نہ صرف عوامی املاک کو نقصان پہنچا بلکہ ماحولیات کو بھی خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سرکاری خرچے پر لگائے گئے یہ کچرے دان عوامی صفائی کے مقصد سے فراہم کئے گئے تھے، لیکن انہیں دریا میں پھینک کر ایک طرف عوام کے پیسے کو ضائع کیا گیا اور دوسری جانب آبی آلودگی کو بھی فروغ دیا گیا۔ماحولیاتی کارکنان نے اس واقعے کو سنگین ماحولیاتی جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دریا میں کچرا یا پلاسٹک کا مواد پھینکنے سے نہ صرف پانی کے حیاتیاتی نظام کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ مقامی آبی حیات کے لئے بھی خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔عوام نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کی غفلت نہ دہرائی جائے۔