مینڈھر میں بھاری پولنگ ،خواتین پیش پیش

جاوید اقبال

مینڈھر//مینڈھر میں پارلیمانی انتخابات کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔اس دوران خاص بات یہ رہی پہلی بار خواتین اتنی بڑی تعداد میں پولنگ سٹیشنوں تک پہنچیں۔پولنگ بوتھوں کے باہر لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں اور ووٹران کو اپنی باری آنے کا طویل انتظار بھی کرناپڑا۔حالانکہ موسم گرم تھا لیکن اس کے باوجود لوگ گھروں سے باہر نکلے اور ووٹ ڈالا۔اس دوران مینڈھر کے محلہ جوگیاں ڈھرانا پولنگ اسٹیشن پر تصادم بھی ہوا جس دوران چار خواتین سمیت چھ افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں جن کو فوری طور سب ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زیرِ علاج ہیں لیکن مجموعی طور پر پولنگ کا عمل احسن طریقے سے انجام کو پہنچا۔ اس دوران پی ڈی پی سینئر لیڈر اور خط پیر پنجال کے انچارج ایڈوکیٹ معروف خان نے کئی پولنگ اسٹیشنوں پر بوگس ووٹنگ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کئی ملازم اس میں ملوث ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ کوئی بھی اعلیٰ آفیسران کافون نہیں اُٹھا رہا ہے۔