جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھرقصبہ کی زیگ زیگ گلی میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک کپڑوں کی دکان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئی، جبکہ ساتھ والی موبائل کی دکان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق، یہ کپڑوں کی دکان ایک بیرون ریاست شخص کی ملکیت تھی، جس میں اچانک بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے شدت اختیار کر لی، اور دکان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہو گیا۔آگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی اور فائر سروسز کی گاڑی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، جن کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو اردگرد کی کئی دکانیں بھی آگ کی لپیٹ میں آ سکتی تھیں۔مقامی لوگوں نے پولیس اور فائر بریگیڈ کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مستعدی سے مزید نقصان بچایا جا سکا۔ کاروباری طبقے اور بوپار منڈل کے صدر و کمیٹی ممبران نے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ غریب دکاندار کی مالی امداد کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنا کاروبار شروع کر سکے۔