جاوید اقبال
مینڈھر//گلوبل پیس آرگنائزیشن نے کلبان کے لینڈ سلائیڈ متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔گلوبل پیس آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار نقوی کی قیادت میں یہ امداد 40سب سے زیادہ مستحق متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کی گئی۔امدادی پروگرام ہائر سیکنڈری سکول بوائز مینڈھر میں منعقد ہوا، جس میں کئی معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں ایس ڈی ایم مینڈھر عمران رشید ، تحصیلدار منکوٹ معروف قادری ، ریٹائرڈ جوائنٹ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن عبد الحمید فانی، اور ڈپٹی سی ای او پونچھ ہیڈکوارٹر مینڈھر محمد لطیف شامل تھے۔ پروگرام کی میزبانی پرنسپل سلیم شاہ نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی ایم مینڈھر نے گلوبل پیس آرگنائزیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تنظیم کی انسانی خدمت اور آفت زدہ خاندانوں کی مدد قابلِ تعریف ہے۔عبدالحمید فانی نے اپنے خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ان این جی اوز کا ساتھ دیں جو غریب اور متاثرہ لوگوں کی فلاح کے لیے بے لوث کام کرتی ہیں۔ انہوں نے تنظیم سے یہ بھی کہا کہ وہ مستحق اور ضرورت مند طلبہ کی اعلیٰ تعلیم میں مدد جاری رکھے۔اختتامی خطاب میں ذوالفقار نقوی نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تنظیم ہمیشہ انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہے گی، خاص طور پر مشکل وقت میں۔