جاوید اقبال
مینڈھر // وزیر جل شکتی، جنگلات و قبائلی امور جموں و کشمیرجاوید احمد رانا کی جانب سے مینڈھر قصبہ کی بہتری کیلئے ساڑھے تین کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اس پر اہلیانِ مینڈھر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈووکیٹ نذیر حسین کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد کی، جس میں بیوپار منڈل مینڈھر کے پردھان بلرام شرما سمیت بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔لوگوں کا کہنا تھا کہ مینڈھر قصبہ کی حالت خستہ ہو چکی تھی، خصوصاً برسات کے موسم میں پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہو جاتا تھا، جس سے عام آمد و رفت متاثر ہوتی تھی۔ نہ قصبے میں عوامی بیت الخلاء موجود تھے اور نہ ہی بیٹھنے کے لئے شیڈز کا انتظام تھا۔میٹنگ میں مقررین نے وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے قصبے کی بنیادی سہولیات بہتر ہوں گی۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ چوہدری نذیر حسین کی سربراہی میں ایک نگرانی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، جو منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی اور فنڈز کے شفاف استعمال کو ممکن بنائے گی۔