جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبہ کا ڈرینج سسٹم شدید خرابی کا شکار ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں تھوڑی سی بارش بھی سڑکوں کو سمندر میں تبدیل کر دیتی ہے اور پانی دکانداروں کی دکانوں میں داخل ہو جاتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث دکاندار طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو رہا ہے اور انہیں مسلسل مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔دکانداروں نے محکمہ پنچایت کے اعلیٰ افسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بس اڈہ کی بولی سے لاکھوں روپے اکٹھے کئے جاتے ہیں، مگر ان پیسوں کا استعمال قصبے کی صفائی اور ڈرینج سسٹم کی مرمت پر نہیں کیا جا رہا۔ اس کی وجہ سے نلیاں بند ہو جاتی ہیں اور پانی سڑک پر آ کر دکانوں میں داخل ہو جاتا ہے۔ایک دکاندار نے اپنی شکایت میں کہا کہ ’ہم ہر بار بارش کے موسم میں اس صورتحال کا سامنا کرتے ہیں اور ہمارے کاروبار کو نقصان پہنچتا ہے۔ بارش کے بعد دکانوں میں پانی آ جانا ایک معمول بن چکا ہے، جو نہ صرف ہمارے لئے بلکہ گاہکوں کے لئے بھی مشکلات پیدا کرتا ہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی صفائی اور ڈرینج سسٹم کی مرمت میں غفلت برتی جا رہی ہے۔ وہ اس بات پر بھی ناراض ہیں کہ بولی کے نام پر لاکھوں روپے وصول کئے جاتے ہیں، مگر ان پیسوں کا کوئی فائدہ نظر نہیں آتا۔ انہیں یقین ہے کہ اگر اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں تو بہت ساری چیزیں سامنے آئیں گی۔دکانداروں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بازار میں ڈرینج سسٹم کی فوری مرمت کی جائے تاکہ بارش کے پانی سے ہونے والے نقصان سے بچا جا سکے۔