جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھرقصبہ کی سڑکوں اور نالیوں کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ نالیاں مکمل طور پر بند پڑی ہیں، جس کی وجہ سے بارشوں کے دوران پانی سڑکوں پر جمع ہو کر تالاب جیسا منظر پیش کر رہا ہے۔ عام لوگوں کا بازار سے گزرنا بھی دشوار ہو چکا ہے، لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔قصبہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی بار شکایات کرنے کے باوجود کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ مینڈھرقصبہ کے نالیوں کے نظام کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔اس موقع پر کانگریس لیڈر پروین سرور خان نے بھی قصبہ کی بدتر حالت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’انتظامیہ کا رویہ لاپرواہی پر مبنی ہے۔ نالیاں مکمل طور پر بند پڑی ہیں، گندہ پانی سڑکوں پر جمع ہو رہا ہے اور لوگوں کو بازار سے گزرنے میں شدید دشواری پیش آ رہی ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’لیڈر طبقہ صرف ایک دوسرے پر تنقید کرنے میں مصروف ہے، لیکن کام کوئی نہیں کرتا۔ مینڈھرقصبہ کی حالت کو دیکھ کر شرم آتی ہے۔ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور حکام خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں‘۔دکانداروں اور مکینوںنے بھی اس بات پر زور دیا کہ اگر فوری طور پر صفائی اور نکاسی آب کا انتظام نہیں کیا گیا تو قصبہ میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔عوام نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ محکمہ فوری طور پر نالیوں کی صفائی اور مرمت کا عمل شروع کرے تاکہ قصبہ کو بدحالی سے نکالا جا سکے۔