جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبے میں جمعرات کی دوپہر کو ہونے والی موسلا دھار بارش سے جہاں گرمی سے کچھ راحت ملی، وہیں قصبے کے کئی علاقوں میں نکاسی آب کی ناقص صورتحال نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ بارش کے ساتھ ہی پانی گلیوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں بھر گیا، جس کے باعث دکانوں اور مکانوں میں پانی داخل ہو گیا۔قصبے کے مین بازار، سبزی منڈی، اور بس اسٹینڈ کے قریبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے نہ صرف کاروباری افراد کو نقصان اٹھانا پڑا بلکہ راہگیروں اور مکینوںکو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بارش کا پانی نالیوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث بہہ کر دکانوں اور گھروں میں داخل ہو گیا۔مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ کئی بار میونسپل کمیٹی کو شکایتیں دی گئی ہیں کہ نالیاں بند پڑی ہیں اور بروقت صفائی نہیں ہوتی، لیکن متعلقہ حکام کی طرف سے کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی جاتی۔ بارش کی شدت کے باعث بازار میں کئی دکانوں میں سامان خراب ہو گیا، جس سے تاجروں کو مالی نقصان ہوا۔عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نالیوں کی صفائی کروائی جائے اور نکاسی آب کا بہتر بندوبست کیا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی صورتحال سے بچا جا سکے۔ادھر بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جس سے لوگوں کو شدید گرمی سے وقتی راحت ملی ہے۔